کراچی: وزیر بلدیات ناصر شاہ نے کہا ہے کہ محمود آباد نالے پرتجاوزات کے آپریشن سے متاثر خاندانوں کو مالی معاونت کی جائے گی،مکانات کے رہائشیوں کو متبادل جگہ جبکہ دیگر متاثرین کو دو سال کا کرایا اکاؤنٹ میں منتقل کیا جائے گا۔
محمو د آباد نالے پر تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر بلدیات کا کہنا تھاکہ ان نالوں کے ساتھ رہنے والوں کی زندگیاں بھی ہر وقت خطرات میں گھری رہتی تھیں۔
جنہیں ہٹایا جائے گا دو سال کا کرایہ دیا جائے گا، جن کے گھر ہٹائے جائیں گے متبادل جگہ دی جائے گی،جن کے گھر جارہے ہیں ان کے اکاؤنٹ میں کرائے کے لئے معقول رقم ڈال دی ہے، تمام نالوں کی حالت کو بہتر انداز میں بنا رہے ہیں۔
ناصر شاہ نے کہا کہ ورلڈ بینک سے نالوں کے اطراف کام کے لئے معاہدہ کیا تھا،نالوں پر قابضین کے اسٹے لینے کی وجہ سے رکاوٹیں آتی تھیں اب چیف جسٹس کے احکامات کے بعد دور ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیز کے معاملات کا ٹاسک ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی کے سپرد کیا ہے تاکہ کے ایم سی کے خزانے میں پیسہ آسکے، بہت ساری چیزیں سامنے آرہی ہیں جس پر توجہ دینے کے بعد بہتری آرہی ہے۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ بجلی کی معطلی وفاقی حکومت کی ناہلی ہے ان کے وزراء صرف باتیں کرتے ہیں، ہم نے ان ڈسٹرکٹ جہاں پیپلزپارٹی کے ووٹرز سپورٹرز نہیں ہیں وہاں بھی کام کرائے ہیں،انہوں نے کے ایم سی کو فائر ٹینڈرز کی فراہمی پر وفاقی حکومت شکریہ بھی ادا کیا۔