دبئی میں قائم معروف فضائی کمپنی ایمریٹس ایئرلائن نے رواں سال دنیا بھر سے 5,000 نئے کیبن کریو ارکان بھرتی کرنے کے لیے ایک وسیع عالمی بھرتی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، یہ مہم ایمریٹس کی آپریشنل وسعت اور نئے طیاروں کے حصول کے بعد عملے کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے ترتیب دی گئی ہے۔
ایئرلائن نے تصدیق کی ہے کہ یہ نئی بھرتی مہم دنیا کے چھ برّاعظموں کے 460 سے زائد شہروں کا احاطہ کرے گی جس کا آغاز 19 جون کو سنگاپور میں صرف دعوت نامہ رکھنے والے امیدواروں کے لیے منعقدہ روڈ شو سے ہوگا۔ سنگاپور میں ایک اور سیشن 19 جولائی کو بھی متوقع ہے۔
کیبن کریو کے ساتھ ساتھ ایمریٹس ایئرلائن پائلٹس کی بھی فعال بھرتی کر رہی ہے۔ ایئرلائن اگلے دو سالوں میں 1550 پائلٹس کو ملازمت پر رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے جن میں سے 550 سے زائد صرف 2025 کے اختتام تک شامل کیے جائیں گے۔ اس بھرتی کا مقصد پروازوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور روٹس کی توسیع کو سہارا دینا ہے۔
ایمریٹس ایئرلائن کی یہ بھرتی مہم اس وقت سامنے آئی ہے جب کمپنی اپنے بیڑے میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔ نومبر 2024 میں ایئرلائن نے ایئر بس A350-900 ماڈل کا پہلا طیارہ اپنے بیڑے میں شامل کیا، جو کہ 2008 کے بعد شامل ہونے والا پہلا نیا ماڈل ہے۔
مزید یہ کہ ایئرلائن نے ایئر بس A380 طیاروں کی تزئین و آرائش پر بھی سرمایہ کاری کی ہے، جو اب بینکاک، پرتھ اور ہانگ کانگ جیسے شہروں میں پرواز کر رہے ہیں۔ ایشیائی ممالک میں بھی نئی پروازوں کا آغاز کیا گیا ہے جن میں ویتنام کا دا نانگ، چین کا شینزن، اور کمبوڈیا کا سیئم ریپ شامل ہیں۔
مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر ایمریٹس نے مزیدطیارے خریدنے کا آرڈر بھی دے رکھا ہے۔ یہ طیارے نہ صرف گنجائش میں اضافہ کریں گے بلکہ ایئرلائن کو نئے راستے دریافت کرنے کا بھی موقع دیں گے۔
یہ بھرتی مہم ایسے وقت پر شروع کی گئی ہے جب سنگاپور میں قائم سستے ٹکٹوں والی ایئرلائن جیٹ اسٹار ایشیا نے 31 جولائی کو اپنے آپریشن بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے نتیجے میں 500 سے زائد ملازمین بشمول کیبن کریو اور کارپوریٹ عملہ بے روزگار ہوں گے۔
جیٹ اسٹار ایشیا کی بندش سے جنوب مشرقی ایشیا کے 16 روٹس متاثر ہوں گے جن میں سنگاپور اور کوالالمپور، بینکاک، جکارتہ، اور منیلا کے درمیان پروازیں شامل ہیں۔ البتہ جیٹ اسٹار کی آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جاپان میں جاری سرگرمیاں متاثر نہیں ہوں گی۔
قانتاس گروپ جیٹ اسٹار ایشیا کے 13 طیاروں کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی اندرونِ ملک پروازوں کے لیے استعمال کرے گا تاکہ مقامی طلب کو پورا کیا جا سکے۔
ادھر سنگاپور کی نیشنل ٹریڈ یونین کانگریس نے تصدیق کی ہے کہ متاثرہ عملے کو ایوی ایشن سیکٹر میں دیگر مواقع فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں، جن میں سنگاپور ایئرلائنز اور اس کی ذیلی کمپنی سکوٹ بھی شامل ہیں، جو خطے میں پروازوں کی تعداد میں اضافہ کر رہی ہیں۔
ایمریٹس گروپ نے رواں سال مالیاتی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 6.2 ارب امریکی ڈالر منافع ظاہر کیا ہے۔ گروپ کے چیئرمین شیخ احمد بن سعید المکتوم نے اس کامیابی کو عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی طلب اور مؤثر انتظامیہ کی کارکردگی کا نتیجہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری گروپ مسلسل انسانی وسائل اور ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کر رہا ہے تاکہ ہم عالمی ہوا بازی میں اپنی قیادت کا مقام برقرار رکھ سکیں۔
ایئرلائن نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے فلیگ شپ A380 طیاروں کو آئندہ دہائی تک اڑاتا رہے گا، جو کہ لگژری فضائی سفر کے لیے اس کی طویل المدتی وابستگی کا مظہر ہے۔
مضبوط آرڈر بک، بڑھتی ہوئی بین الاقوامی طلب اور وسعت پذیر افرادی قوت کے ساتھ ایمریٹس کی یہ عالمی بھرتی مہم اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ کمپنی کو عالمی ہوا بازی کے مستقبل میں مسلسل ترقی اور بحالی پر بھرپور اعتماد ہے۔