اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے ملک بھر میں کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کے حوالے سے نوٹیفکیشن ارسال کردیا، انتخابات جلد متوقع ہیں جن کے دوران پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) سمیت تمام سیاسی جماعتوں میں کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے 40 سے زائد کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات آئندہ 2 سے 3 ماہ میں متوقع ہیں۔ عام طور پر پولنگ کا وقت صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک ہوتا ہے۔ ملک بھر کے لاکھوں رجسٹرڈ ووٹرز انتخابات میں حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔
ملک بھر کے سیکڑوں امیدوار اور درجن بھر سے زائد سیاسی جماعتیں انتخابات میں حصہ لیں گی اور بھاری تعداد میں آزاد امیدوار بھی کنٹونمنٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدوں پر اپنی جگہ بنانے کیلئے میدانِ عمل میں اتریں گے۔
تحریکِ انصاف، ن لیگ، پیپلز پارٹی، جماعتِ اسلامی، ایم کیو ایم اور اے این پی سمیت متعدد سیاسی جماعتوں نے سوچ بچار شروع کردی۔ انتخابات کے دوران سیکیورٹی کیلئے پاک فوج اور رینجرز کے ہزاروں اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو نوٹیفکیشن ارسال کر دیا ہے۔ مختلف سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے امیدواروں کو جتوانے کیلئے جوڑ توڑ، اتحاد اور امیدواروں کی نامزدگی پر سوچ بچار اور مذاکرات شروع کردئیے ہیں۔
باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کراچی میں انتخابات پرپیپلز پارٹی اور جماعتِ اسلامی کے مابین مذاکرات شروع ہوچکے ہیں۔ پیپلز پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہلی کالونی، وارڈ نمبر8میں جماعتِ اسلامی کے امیدوار کی حمایت کا فیصلہ ہوچکا ہے۔
دوسری جانب جماعتِ اسلامی پنجاب کالونی میں وارڈ 9 کیلئے پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کیلئے تیار ہے۔ دونوں سیاسی جماعتیں مل جل کر اپنا نائب چیئرمین لانے کیلئے پر امید ہیں جبکہ پی ٹی آئی بھی انتخابات کو سنجیدگی کی نظر سے دیکھ رہی ہے۔
پاکستان تحریکِ انصاف کی قیادت نے انتخابات میں زور وشور سے حصہ لینے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ قبل ازیں وزیرِ اعظم کے ترقیاتی فنڈز سے کراچی کے مختلف وارڈز میں پی ٹی آئی اراکین نے ترقیاتی کام کرائے اور عوام کا اعتماد حاصل کیا۔
تحریکِ انصاف کو امید ہے کہ کراچی کے ووٹرز تحریکِ انصاف کے امیدواروں کو ضرور ووٹ دیں گے۔ پی ٹی آئی نے امیدواروں کی نامزدگی پر کام شروع کردیا۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ اور انتخابات جیتنے میں ممکنہ طور پر کامیاب ہونے والے امیدوار کو ہی میدان میں لایا جائے گا۔
پی ٹی آئی کو امید ہوچلی ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈز میں پی ٹی آئی اپنا وائس چیئرمین لانے میں کامیاب ہوگی کیونکہ گزشتہ انتخابات میں تحریکِ انصاف قومی و صوبائی اسمبلیوں کے علاوہ ضمنی انتخابات میں بھی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئی تھی۔
جماعتِ اسلامی ، پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) اور پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتیں رواں برس منعقد ہونے والے کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات جیتنے کیلئے پر امید ہیں اور تمام سیاسی جماعتوں کے امیدواروں میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی میں اصل غصہ بجٹ دستاویزات پر اتارا گیا۔حامد میر