اسلام آباد: سینیٹ کے حالیہ انتخابات میں اسلام آباد سے جنرل نشست پر کامیاب سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان سے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے تعاون مانگ لیا۔
پارلیمنٹ لاجز اسلام آباد میں یوسف رضا گیلانی نے پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات کی۔ایم کیو ایم کے وفد میں خالد مقبول صدیقی، امین الحق، اقبال محمد علی سمیت دیگر شامل تھے۔
ملاقات کے بعد ایم کیو ایم رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ‘ہم نے ایم کیو ایم کے ساتھ بہت کام کیا ہے اور میں ان کا مشکور ہوں کہ میری وزارت عظمیٰ میں پاکستان مشکل وقت سے گزر رہا تھا اور آئین میں ترامیم کی ضرورت تھی تو انہوں نے ساتھ دیا جس کے نتیجے میں ہم نے آئین پاکستان کو اس کی اصل شکل میں بحال کیا’۔
انہوں نے کہا کہ ‘آج بھی ملک میں جمہوریت، قانون و پارلیمنٹ کی بالادستی اور استحکام کے لیے میں نے ان سے تعاون کی درخواست کی ہے، میں پی ڈی ایم کی طرف سے ان سے گزارش کروں گا اب بھی ہم سے تعاون کریں’۔
یہ بھی پڑھیں : بھارت مقبوضہ کشمیر سے متعلق اپنی سوچ بدلے، میرواعظ عمر فاروق