نواز شریف کی انتخابی نتائج کے حوالے سے تقریر کے بعد منتخب ارکان اسمبلی ان سے ملاقات کے لیے پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق انتخابات 2024 میں منتخب ہونے والے ارکان اسمبلی کی نواز شریف سے ملاقات میں شہباز شریف اور مریم نواز بھی موجود ہیں۔
ن لیگ کے سربراہ سے ایاز صادق، رانامبشر اقبال اور عطاتارڑ نے ملاقات کی۔ ارکان میں افضل کھوکھر، سیف کھوکھر اور فیصل کھوکھر شامل ہیں۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے 60 سیٹوں پر فتح کی خبروں کے بعد اپنی تقریر میں مل بیٹھ کر مشترکہ حکومت بنانے کی پیشکش کردی ہے۔
انھوں نے کہا کہ شہباز شریف کی ڈیوٹی لگائی ہے کہ آج ہی آصف زرداری سے ملاقات کریں، شہباز شریف ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ بھی ملاقات کریں۔
نواز شریف نے کہا کہ موجودہ حالات تقاضہ کرتے ہیں کہ سب مل کر ملک کو بھنور سے نکالیں، شہباز شریف کو مینڈیٹ دیا ہے، اسحاق ڈار کے ساتھ مل کر وہ آج ہی ملاقات کریں گے۔
لاہور میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو پارٹیاں کامیاب ہوئی ہیں ان کو بھی دعوت دیں گے کہ مل کر حکومت بنائیں۔
مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ ہمیں صرف مرکز میں اکثریت نہیں ملی بلکہ پنجاب میں بھی ملی ہے، مرکز میں بھی بڑی جماعت ہیں اور پنجاب میں بھی بڑی جماعت ہیں۔
انھوں نے کہا کہ یوتھ کے لیے شہباز شریف کی قابل قدر خدمات ہیں، وہ لیپ ٹاپ خرید رہے ہیں آرڈر بھی دے دیا ہے، انشا اللہ اسپتالوں میں بھی مفت دوائیاں دیں گے۔