کراچی میں ایک معمر شخص نے امام مہدی ثانی ہونے کا دعویٰ کر دیا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک ویڈیو میں بڑی عمر کے ایک صاحب کو امام مہدی ثانی ہونے کا دعویٰ کرتے سنا جا سکتا ہے۔
اس حوالے سے تھانہ گلبرگ کے نام اندراج مقدمہ کی ہاتھ سے لکھی ایک درخواست بھی وائرل ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سید احمد سعید وارثی رضوی نامی شخص نے مہدی ثانی ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
درخواست کے مطابق شرعی لحاظ سے یہ ایک گمراہ کن دعویٰ ہے اور اس دعوے سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں اور لوگوں میں شدید اشتعال پایا جا رہا ہے۔
درخواست کے مطابق سید احمد سعید رضوی وارثی نامی اس معمر شخص نے 25 اپریل کو دوپہر کے وقت آئیڈیل پیلس لان رضویہ سوسائٹی میں روحانی علاج کے نام پر ایک پروگرام منعقد کیا، جس کے دوران اس نے اپنا دعویٰ پیش کیا تو لوگ مشتعل ہوگئے، جس کے بعد پولیس کی مداخلت سے یہ پروگرام بند کردیا گیا۔
درخواست گزار کے مطابق یہ شخص اگلا پروگرام گلبرگ میں کرنے جا رہا ہے، اس کو اپنے ارادے سے روکنے اور کسی بھی فساد کا راستہ بند کرنے کیلئے اس شخص کو گلبرگ میں کوئی بھی پروگرام کرنے سے منع کر دیا جائے۔
گردشی ویڈیو میں سید احمد سعید رضوی وارثی کو خطاب کے دوران خود کو نعوذ باللہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی طرف سے مہدی ثانی مقرر کیے جانے کا دعویٰ کرتے ہوئے واضح سنا جا سکتا ہے۔
متعلقہ تھانے نے درخواست ملنے کے بعد کیا کارروائی کی، نیز اس شخص کے خلاف کیا ایکشن لیا گیا، اس حوالے سے تا حال کوئی معلومات ستیاب نہ ہوسکیں۔
اس بات کا اندیشہ ہے کہ انتظامیہ نے مداخلت نہیں کی اور سید احمد سعید وارثی رضوی نامی اس شخص نے اپنے دعوؤں کے حوالے سے پروگرامات کا سلسلہ جاری رکھا تو پبلک میں نقض امن کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔