پشاور: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا پاکستان سے ابھی گیا نہیں، وائرس ملک بھر میں موجود ہے جو عیدالاضحیٰ کے موقعے پر حکومت کا بڑا امتحان ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کے بعد وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے ہمراہ میڈیا بریفنگ کے دوران وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ قوم کیلئے یہ بات ضروری ہے کہ عید سادگی سے منائی جائے۔ قربانی اِس طرح کریں کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ زیادہ نہ ہو۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایس او پیز پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہم نے ماہرین کی ہدایت پر عمل کر لیا تو یہ مرحلہ بھی خیر و عافیت سے گزر جائے گا۔ حوصلہ افزاء بات یہ ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے خطے میں سب سے بہتر صورتحال پاکستان میں ہے۔
وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ عوام عیدالاضحیٰ احتیاط سے منائیں۔ وائرس سے بچاؤ ہماری اوّلین ترجیح ہے۔ کورونا وائرس پر قابو پانے کے بعد سیاحتی مقامات کھولے جائیں گے۔ لوگ کورونا وائرس کی ایس او پیز پر عمل کریں، جبکہ وزیرِ اعلیٰ کے پی کے محمود خان نے بھی میڈیا سے گفتگو کی۔
اِس موقعے پر وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ عید سادگی سے منانے کا ارادہ ہے۔ ہم نے صوبائی وزراء اور کابینہ کو بھی ہدایت کی ہے کہ عید سادگی سے ہی منائیں۔ ہمیں مختلف سیکٹرز میں مسائل کا سامنا ہے تاہم صوبائی حکومت مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ ایس او پیز کی پابندی اِس لیے عوام پر لگائی گئی ہے تاکہ ان کی جانوں کا نقصان نہ ہو۔ عید کے بعد سیاحت پر بھی بات کریں گے کہ اِس شعبے کو فروغ دینے کیلئے کیا کیا جاسکتا ہے۔ جب وزیرِ اعظم این سی او سی کی صدارت کریں گے تو ان سے سیاحت پر بھی گزارش کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اسد عمر کا نئے پاکستان کے سفر میں تیزی لانے کا اعلان