پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس کے لیے عید الفطر کا خصوصی شیڈول جاری کر دیا ہے جبکہ موٹر وے پولیس نے مسافروں کے لیے سفر کو محفوظ بنانے کے لیے رہنما ہدایات جاری کی ہیں۔
آج عید کے پہلے دن پیر 31 مارچ 2025 کو میٹرو بس سروس معمول سے تین گھنٹے تاخیر سے صبح 9 بجے سے رات 10 بجے تک چلائی جائے گی جبکہ دوسرے دن سے میٹرو بس معمول کے اوقات (صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک) چلتی رہے گی۔
اسی طرح پشاور بی آر ٹی سروس چاند رات (اتوار) کو رات 11 بجے تک جاری رہی جبکہ عید کے پہلے دن بی آر ٹی کا آغاز صبح 10 بجے ہوا اور دوسرے و تیسرے دن سروس معمول کے مطابق چلے گی۔
موٹر وے پولیس کے سفری ہدایات
محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے موٹر وے پولیس نے مسافروں کو درج ذیل احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے، روانگی سے قبل گاڑی کے انجن آئل، پانی، ٹائروں کی حالت، ہوا کا دباؤ اور بریک ضرور چیک کریں۔
دورانِ سفر سیٹ بیلٹ کا استعمال کریں، مقررہ حدِ رفتار کی پابندی کریں، دوسرے گاڑیوں سے مناسب فاصلہ رکھیں، اور لین کے اصولوں پر عمل کریں۔ تین لین والی موٹر وے پر ہلکی گاڑیوں کے لیے حد رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ بھاری گاڑیوں کے لیے 110 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔