کراچی: وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی نے اعلان کیا ہے کہ صوبہ سندھ میں تمام تعلیمی اداروں کو 30 ستمبر تک کھول دیا جائے گا جس کے بعد تعلیمی عمل شروع ہوجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ سندھ میں تمام تعلیمی ادارے 15 سے 30 ستمبر کے دوران کھول دئیے جائیں گے۔
گفتگو کے دوران وزیرِ تعلیم سندھ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 15 ستمبر سے نویں سے تمام ہائیر کلاسز بشمول تمام جامعات کھول دیں گے۔ 22 ستمبر سے 6 سے 8 جماعت تک تعلیمی ادارے کھولے جائیں گے۔
وزیرِ تعلیم سندھ نے کہا کہ 30 ستمبر کو پری پرائمری اور پرائمری کلاسز کھول دی جائیں گی۔ اگر کسی اسکول یا علاقے میں کورونا وائرس پھیلتا ہے تو وہ اسکول یا متعلقہ علاقے کے اسکولز بند کئے جاسکیں گے۔
سعید غنی نے کہا کہ اسکول میں ماسک کا استعمال مکمل طور پر لازمی ہوگا۔تمام ایس او پیز پر مکمل عمل پیرا ہونا ہوگا ایسا نہ کرنے والے ادارے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وفاقی حکومت پاکستان بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے یا نہ کھولنے کے حوالے سے فیصلہ کرنے کیلئے تیار ہو گئی جس کے تحت 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولے جاسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے وزارتِ تعلیم کا اہم اجلاس بھی منعقد ہوگا جس میں تمام صوبوں سے وزارتِ تعلیم کے نمائندگان شریک ہوں گے۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کریں گے جس کے دوران اہم فیصلے متوقع ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ آج ہوگا