بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، لوگ کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
تفصیلات کے مطابق آج کوئٹہ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز جنوب مشرقی افغانستان میں تھا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4 اعشاریہ 5 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کی زمین کی سطح سے گہرائی 54 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
قبل ازیں صوبہ بلوچستان میں مستونگ اور بولان سمیت دیگر علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ طویل دورانیے کے جھٹکوں سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور وہ کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے نکل آئے۔
گزشتہ ماہ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز مستونگ سے 40 کلومیٹر مشرق میں تھا۔ زلزلے کی گہرائی 25 کلومیٹر زیر زمین تھی۔
مزید پڑھیں: مستونگ اور بولان میں زلزلے کے جھٹکے، ریکٹر اسکیل پر شدت 4 ریکارڈ
یاد رہے کہ اِس سے قبل ضلع سوات کے شہر مینگورہ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
مینگورہ اور اس کے گردونواح میں 2 ماہ قبل 13 اپریل کے روز زلزلے کے جھٹکے صبح کے وقت محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 4 ریکارڈ کی گئی۔
مزید پڑھیں: سوات، مینگورہ میں زلزلے کے جھٹکے، لوگ گھروں سے باہر نکل آئے