کراچی: 24گھنٹوں میں ڈمپر حادثات سے 5افراد جاں بحق، شاہ لطیف، کورنگی اور اسٹیل ٹاؤن متاثرہ علاقوں میں شامل

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

(فوٹو: ہم نیوز)

کراچی میں ڈمپر حادثات سے گزشتہ 24گھنٹوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔ شہرِ قائد کے جن علاقوں میں حادثات ہوئے ان میں شاہ لطیف ٹاؤن، کورنگی اور اسٹیل ٹاؤن شامل ہیں۔

تازہ ترین حادثے میں ایک ڈمپر نے بہن بھائی کو کچل ڈالا۔ یہ واقعہ کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں پیش آیا جہاں ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار بھائی جاں بحق جبکہ بہن زخمی ہوگئی۔ جاں بحق بھائی بہن کو مارشل آرٹس مقابلہ جیتنے پر کھانا کھلانے کیلئے لے جارہا تھا۔

حادثے میں جاں بحق حسنین کے دوست کا کہنا ہے کہ حسنین اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا اور دو بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا جس کے والد سعودی عرب میں ہیں جبکہ یہ خاندان کراچی کے علاقے لانڈھی کا رہائشی ہے۔ حسنین کی وفات کے بعد کراچی میں ڈمپر حادثات سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 5 تک جا پہنچی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ڈمپر نے ابراہیم حیدری سے کورنگی کراسنگ جانے والے راستے پر شہریوں کو کچل دیا۔ حادثے کے نتیجے میں 3افراد جاں بحق ہوگئے۔

گزشتہ روز یہ افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے ابراہیم حیدریاور کورنگی کراسنگ کے مابین پیش آیا، جہاں ڈمپر نے شہریوں کو کچل دیا، خوفناک حادثے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے جس پر مشتعل افراد نے ڈمپر کو آگ لگا دی۔

شہرِ قائد میں ڈمپر اور ٹرک سمیت ہیوی ٹریفک شہریوں کو آئے روز کچل دیتی ہے، متعدد واقعات میں درجنوں شہری جان کی بازی ہار گئے۔ ابراہیم حیدری اور کورنگی کراسنگ کے مابین شہریوں کو کچلنے کے بعد ڈمپر ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہوگیا۔

Related Posts