کراچی: بارش کے برسنے کی دیر تھی کہ کے الیکٹرک کی غفلت کا ایک اور افسانہ سامنے آگیا، لانڈھی داؤد چالی میں بجلی کے پول سے کرنٹ لگنے کے باعث 4 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق قائدآباد تھانے کے علاقے لانڈھی داؤد چالی کچی آبادی کے قریب گھر کے باہر بجلی کے پول سے کرنٹ لگنے کے باعث چار سالہ بچی چل بسی۔
بچی کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دی گئی، جہاں متوفیہ کمسن بچی کی شناخت بلقیس ولد صدیقی آفریدی کے نام سے کی گئی۔
واقعہ کے حوالے سے ایس ایچ او قائد آباد کا کہنا ہے کہ کمسن بچی کا والد فیکٹری ملازم ہے اور بچی 5 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی تھی۔ متوفیہ بچی گھر کے باہر موجود تھی کہ اسے کرنٹ لگ گیا، انھوں نے بتایا کہ واقعہ کے الیکٹرک انتظامیہ کی مجرمانہ غلفت اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا ہے۔
بچی کے والد کا کہنا ہے کہ بجلی کی ہیوی لائن زیر زمین بوس کی جاتی ہیں مگر کے الیکٹرک کی جانب سے ہیوی لائن زمین کی سطح پر موجود ہیں۔ جس سے بجلی کے پول سے کرنٹ لگنے سے بچی جاں بحق ہوگئی۔
ایس او کے مطابق کے الیکٹرک انتطامیہ کی جانب سے ان کے تھانے کی حدود میں تین سے چار ایسے مقام ہیں جہاں پر ہیوی لائن زمین کی سطح پر چھوڑ دی گئی ہیں۔ اس حوالے سے عملے کو نشاندہی بھی کروائی ہے، جس پر کے الیکٹرک کے عملے نے ہیوی لائن درست کرنے کی یقین دہائی کرائی ہے۔
ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ اگر متوفیہ بچی کے اہلخانہ چاہیں تو کے الیکٹرک حکام کے خلاف مقدمہ درج کروا سکتے ہیں، ان کا مقدمہ پولیس کی جانب سے درج کیا جائے گا۔