برطانوی نژاد البانین پاپ گلوکارہ دعاء لیپا نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنے منگیتر کیلم ٹرنر کے ساتھ خاندان بنانے کے حوالے سے نہایت پُرجوش ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ وہ ایک دن ضرور بچے پیدا کرنا چاہتی ہیں۔ 29 سالہ گلوکارہ نے پہلی بار اپنے منگیتر کے ساتھ تعلقات اور منگنی کے بارے میں کھل کر گفتگو کی، جنہیں 35 سالہ برطانوی اداکار نے شادی کی پیشکش کی تھی۔
یہ گفتگو برطانوی میگزین ووگ کو دیے گئے ایک تفصیلی انٹرویو میں ہوئی جس میں انہوں نے نہ صرف اپنے مستقبل کے خاندانی منصوبوں پر روشنی ڈالی بلکہ یہ بھی بتایا کہ ایک گلوکارہ کے طور پر مصروف زندگی اور ماں بننے کی ذمہ داریوں کے درمیان توازن قائم رکھنا کس قدر مشکل ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا، ’’میں ایک دن بچوں کی ماں بننا چاہتی ہوں۔ مگر ہمیشہ ذہن میں یہ سوال ہوتا ہے کہ صحیح وقت کون سا ہے؟ یہ دوروں کے ساتھ کیسے ممکن ہوگا؟ کتنے عرصے کے لیے رُکنا پڑے گا؟ یہ اُن باتوں میں سے ہے جو خودبخود کسی وقت ہو جاتی ہیں۔ مجھے بچے بہت پسند ہیں لیکن صرف پسند کرنے سے بات نہیں بنتی، اُن کی پرورش ایک مکمل ذمہ داری ہے۔‘‘
دعاء لیپا نے منگنی کی تصدیق کرتے ہوئے مزید کہاکہ ہاں، ہماری منگنی ہو چکی ہے اور یہ میرے لیے بہت خاص بات ہے۔ عمر بھر ایک ہی شخص کے ساتھ بڑھاپا گزارنے کا خیال اور اُس کے ساتھ بہترین دوست بن کر رہنے کا فیصلہ ایک بے حد خوبصورت احساس ہے۔
منگنی کی افواہیں پچھلے سال کے آخر سے گردش میں تھیں اور اب دعاء کو ایک شاندار ہیروں والی انگوٹھی پہنے دیکھا جا رہا ہے جس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ اس انگوٹھی کی دیوانی ہو گئی ہیں۔ اُن کے مطابق یہ اس لیے بھی خاص ہے کہ یہ اس شخص کی طرف سے ملی جس نے انہیں بخوبی پہچانا اور سمجھا۔
جہاں تک شادی کی تاریخ کا تعلق ہے، تو ابھی دونوں اپنے اپنے پیشہ ورانہ معاملات میں مصروف ہیں۔ دعاء نے کہا کہ وہ اپنی جاری میوزک ٹور مکمل کرنا چاہتی ہیں جبکہ کیلم فلموں کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، اس لیے وہ اس وقت کو بھرپور انداز میں گزارنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
دعاء کے مطابق میں نے کبھی شادی یا دلہن بننے کے بارے میں خواب نہیں دیکھے، مگر اب اچانک خیال آتا ہے کہ شادی کے دن کیا پہنوں گی؟
دعاء اور کیلم کے درمیان قربت کا آغاز جنوری 2024 میں ہوا اور اطلاعات کے مطابق اُنہوں نے کرسمس کے موقع پر منگنی کی۔
دعاء نے بتایا کہ اُن دونوں کے درمیان کئی ایسے لمحات آئے جب وہ قریب تھے مگر ملے نہیں، جیسے قسمت نے اُنہیں کئی بار ایک دوسرے کے سامنے لانے کی کوشش کی ہو۔
آخر کار اُن کی پہلی ملاقات لندن کے ایک مشہور ریستوران میں ہوئی اور اُس کے ایک سال بعد لاس اینجلس میں ایک ڈنر کے دوران دوبارہ ملاقات ہوئی جس نے تعلق کو مضبوط کیا۔
اپنے ماضی کے تعلقات کے بارے میں بھی دعاء نے بات کی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ رشتوں کے بعد اُنہیں خوداعتمادی دوبارہ حاصل کرنا پڑی۔
اپنے نئے البم کی تشہیر کے دوران ایک انٹرویو میں اُنہوں نے بتایا، ’’انسان کو ماضی سے سیکھنا پڑتا ہے، معاف کرنا ہوتا ہے اور اپنی زندگی کو آگے بڑھانے کے لیے تیار رہنا پڑتا ہے۔‘‘