وفاقی دارالحکومت میں نیو اسلام آباد ائیرپورٹ پر ٹگ وین کاؤنٹی ڈرائیور گاڑی چلاتے ہوئے بے ہوش ہوگیا جس کے بعد گاڑی کو حادثہ پیش آگیا۔
تفصیلات کے مطابق گاڑی چلانے کے دوران ٹگ وین کاؤنٹی ڈرائیور کے اچانک بے ہوش ہونے کے باعث ٹگ وین قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کے جہاز اور کیٹرنگ کی گاڑی سے ٹکرا گئی۔
پی آئی اے کے جہاز کو ٹگ وین ٹکرانے کے باعث نچلی سمت سے جبکہ کیٹرنگ وین کو سامنے سے نقصان پہنچا ہے تاہم حادثے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ائیرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹگ وین کے ڈرائیور محمد نیاز کو ابتدائی طور پر ٹراؤما سینٹر منتقل کیا گیا جس کے بعد اسے نجی ہسپتال شفٹ کردیا گیا۔ ٹگ وین کا ڈرائیور کیوں بے ہوش ہوا؟ اس پر تحقیقات جاری ہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وفاقی دارالحکومت میں نیو اسلام آباد ائیر پورٹ آنے والی گاڑی سے 21 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی گئی ہے جس کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ برس دسمبر کے دوران اے ایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئے کار پارکنگ میں ائیرپورٹ داخل ہونے والی گاڑی سے 21 کلو گرام سے زائد ہیروئن برآمد کی۔
مزید پڑھیں: ائیر پورٹ پر گاڑی سے 21 کلو گرام ہیروئن برآمد، ڈرائیور گرفتار