لاہور: قذافی اسٹیڈیم میں جنوبی ایشیا کے پہلے ڈرائیو تھرو کورونا ویکسینیشن سینٹر کا آغاز کردیا گیا ہے جس میں شہریوں کو ویکسین لگانے کے تمام مراحل گاڑی میں ہی مکمل کیے جاتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان اور جنوبی ایشیا میں اپنی طرز کے پہلے ڈرائیو تھرو کورونا ویکسینیشن سینٹر کا آغاز کیا ہے جو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کام کرے گا۔ پنجاب حکومت ویکسینیشن میں آسانی کیلئے اہم اقدامات اٹھا رہی ہے۔
شہریوں کی بڑی تعداد نے ڈرائیو تھرو کورونا ویکسینیشن سینٹر کے قیام کو سراہتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرِ قیادت پنجاب حکومت کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ ایک شہری کا کہنا تھا کہ میں اپنی بیٹی کی ویکسینیشن کروانے کیلئے یہاں آیا ہوں۔
بیٹی کی ویکسیشنیسن کیلئے آئے ہوئے شہری نے کہا کہ مجھے آئے ہوئے دس، بارہ منٹ ہوئے ہوں گے کہ ویکسینیشن کی باری آگئی۔ ویکسینیشن کا طریقۂ کار شاندار ہے۔ ایک شہری نے کہا کہ حکومت لوگوں کو تعلیم دے رہی ہے کہ اپنے عزیز و اقارب کو بھی ویکسین لگوائیں۔
ویکسین پر شکوک و شبہات کے حوالے سے ایک شہری نے کہا کہ بعض لوگوں کو شک ہے لیکن ویکسینیشن ضرور کروائیں کیونکہ یہ آپ کی صحت کیلئے بہتر ہے۔ ایک نوجوان نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر اچھا لگا کہ ہمارے ملک میں بھی دیگر ممالک کی طرح یہ سہولت شروع کی گئی۔
اس حوالے سے ایک اور شہری نے کہا کہ یہاں جو انتظام کیا گیا ہے ایسا اچھی سے اچھی کمپنیوں میں بھی نہیں ہوتا ہوگا۔ زیادہ وقت بھی نہیں لگا اور ہم آدھے گھنٹے میں یہاں تک پہنچ گئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گرمی میں لائن میں لگنے سے بہتر ہے کہ ہم گاڑی پر آئیں اور ویکسین لگوائیں۔
بعض شہریوں نے پنجاب حکومت کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس شخص کو یہ سہولت دستیاب ہو، اسے ویکسینیشن یہیں سے کرانی چاہئے۔ لوگوں کے ذہن میں ویکسین کے متعلق جو افواہیں ہیں، ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ ویکسین ضرور لگوائیں اور اس معاملے میں حکومت کا ساتھ دیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا کے باعث 21 ہزار 529 افراد جاں بحق