کراچی کے ڈاؤ انٹرنیشنل ڈینٹل کالج و ہسپتال میں ڈی ایچ او نے سیکیورٹی گارڈ کے ساتھ نرس پر تشدد کیا اور اس کے کپڑے پھاڑ دئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ ڈی ایچ او اور اس کے ذاتی گارڈ نے اسٹاف نرس پرتشدد کیا۔ دونوں نے اسٹاف نرس کو پکڑ کر نہ صرف تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ اس کے کپڑے بھی پھاڑ دئیے جس پر نرسز نے احتجاج شروع کردیا۔
ڈاؤ ڈینٹل کالج و اسپتال میں خاتون اسسٹنٹ ڈی ایچ او ڈاکٹر انیلا اور اس کے ذاتی گارڈ نے ایک میل نرس سے سوال کیا کہ اس کی ٹیبل پرکس کا سامان رکھا ہے؟ اس نے کہا کہ مجھے اس کے بارے میں علم نہیں جس پر اسسٹنٹ ڈی ایچ او گالیاں دینے لگیں۔
اسسٹنٹ ڈی ایچ او نے گالیوں کے بعد میل نرس پر تشدد شروع کر دیا ، اسی اثناء میں خاتون ہیلتھ افسر کا قریب موجود سیکیورٹی گارڈ بھی تشدد کرنے کیلئے تیار ہوگیا۔ سیکیورٹی گارڈ نے میل نرس پر حملہ کردیا جس کی ویڈیو ایک اور شخص نے بنائی۔
میل نرس پر تشدد کی ویڈیو ادارے کی نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف میں پھیل گئی جس کے بعد عملے میں اشتعال پھیل گیا۔ ینگ نرسز ایسوسی ایشن سندھ نے وزیرِ صحت اور سیکریٹری صحت سے واقعے کا فی الفور نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
نرسز کا مطالبہ ہے کہ ڈاکٹر انیلا کو فوری طور پر معطل کیا جائے اور کسی بھی افسر کو ذاتی ملازمین یا سیکیورٹی گارڈز کو ادارے کے احاطے میں لانے پر مکمل طور پر پابندی لگائی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی، اورنگی ٹاؤن میں پٹرول پمپ کے قریب فائرنگ، 1 شخص جاں بحق