بلدیہ کورنگی کے عملے نے کھلے میدانوں میں شادیوں پربھتہ لینا شروع کردیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

DMC Korangi began extorting money for open-air weddings

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی : بلدیہ کورنگی کے محکمہ لینڈ نے قوانین کی دھجیاں اڑا دیں ، بینکوئٹ میں شادی پر پابندی کے باعث جب میدانوں میں شادیاں کی جانے لگیں تو بلدیہ کورنگی محکمہ لینڈ نے ایس او پیز کے نام پر لوٹ مارشروع کردی اور غیر قانونی طور پر ایس او پیز کی خلاف ورزی کے بھاری چالان کرنا شروع کردیے ۔

بوفے میں کھانا کھلانے اورڈنر بکس میں کھانانہ دینے پر شادی کرنے والے خاندان ،کیٹرنگ سروس اورڈیکوریٹرز پر لینڈ یوٹیلائزیشن کے چالان فارم پر ایس او پیز کی خلاف ورزی کے غیر قانونی چالان جاری کئے جانے لگے۔

ضلع کورنگی کے علاقوں لانڈھی ، کورنگی ، ملیر ماڈل کالونی، شاہ فیصل کالونی میں محکمہ لینڈ ڈی ایم سی کورنگی کا عملہ شادی بیاہ کی تقریبات میں پہنچ جاتا ہے اور لوگوں کو ہراساں کیا جاتا ہے ۔

باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ کورنگی ایک بڑا ضلع ہے جہاں 4 زون ہیں ، چاروں زونز میں میدانی علاقے ہیں جہاں شادی بیاہ کی تقریبات منعقد ہوتی ہیں اور کھلےآسمان تلےتقریبات منعقد کرنے کی شرط کے باعث میدانوں میں تقریبات میں پہلے ہی اضافہ ہو چکا ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ لینڈ کے افسران و ملازمین ایس او پیز کی خلاف ورزی کے نام پر ہراساں کر کے منتظمین کومبینہ طور پر30 تا 50 ہزار روپے کا چالان بھروانے کی دھمکی دی جاتی ہے اور ہراساں  کر کے 10 ہزار کا چالان غیر قانونی طور پر لینڈ یوٹیلائزیشن کے چالان فارم پر کاٹ کر 15 تا 20 ہزار روپے بھتہ وصول کر لیا جاتا ہے ۔

لوگ اپنی تقریب خراب ہونے سے بچانے کے لیے مجبوراََ غیر قانونی چالان اور بھتے کی رقم دینے پر مجبور ہو جاتے ہیں ، اس حوالے سے ڈائریکٹر محکمہ لینڈ ڈی ایم سی کورنگی واصف ظفر سےایم ایم نیوز ٹی وی نے سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ لینڈ یوٹیلائزیشن کا چالان ہم جاری کرتے ہیں تو ایس او پیز پر عمل کرانے کی ذمہ داری بھی ہماری ہی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سی وایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے ہی ہمیں چالان وصول کرنے کا حکم دیا ہے اور زبانی ہدایات پر کام کررہے ہیں۔

ان سے جب ڈی سی کے اس حکم نامے کی کاپی طلب کی گئی تو انہوں نے کہا کہ ڈی سی نے زبانی کہا ہے۔

واضح رہے کہ اس قسم کے احکامات زبانی کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہوتے تاہم اپنی ذاتی آمدنی کی غرض سے ایسے احکامات زبانی کہنے پر بھی فوری عمل درآمد کردیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں:بلدیہ غربی کا حسرت موہانی میٹرنٹی ہوم کھنڈر میں تبدیل، گھوسٹ ملازمین کی تنخواہیں جاری

بلدیہ کورنگی کے عوام نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ، وزیر بلدیات سندھ اور ایڈمنسٹریٹر و ڈپٹی کمشنر کورنگی سے مطالبہ کیا ہے کہ میدانی علاقوں میں شادی کی تقریبات میں رکاوٹ بنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور غیر قانونی چالان کا نوٹس لیا جائے۔

Related Posts