کراچی :ضلع وسطی میں کورونا وائرس سے ممکنہ بچاؤ کے لئے جراثیم کُش ادویات کے اسپرے کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے اور اس سلسلے میں محکمہ ریسکیو کا عملہ ضلع وسطی میں کورونا وائرس سے ممکنہ بچاؤ کے لئے شب و روز جراثیم کُش ادویات کے اسپرے اور سماجی فاصلوں کی آگہی کے نشانات لگانے کے کاموں میں مصروف ہے۔
چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کی خصوصی ہدایت پر محکمہ ریسکیو کے عملے نے سندھ گورنمنٹ ہسپتال لیاقت آباد، لیاقت آباد میٹرنٹی ہوم میں جراثیم کُش ادویات کا اسپرے کیا۔ چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا کہ یہ وقت گھبرانے کا نہیں ہے عوام اپنے حوصلے بلند رکھیں۔
سماجی فاصلوں کو قائم رکھیں اور لازمی احتیاطی تدابیر اختیار کریں،سنت نبوی اور طبی ماہرین کی ریسرچ کے مطابق احتیاط ہی اس عالمی وباء کا واحد حل ہے لہذا عوام بلا ضرورت اپنے گھروں سے باہر نکلنے سے پرہیز کریں اور سخت احتیاط کریں۔
انہوں نے کہا کہ حق پرست منتخب بلدیاتی نمائندے اور بلدیاتی عملہ کورونا اور لاک ڈاؤن کی صورتحال میں عوام کے درمیان موجود ہیں اور انھیں ہرممکن ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
مزید پڑھیں: کوروناوائرس کا مقابلہ کر ینگے اور ملکر شکست دینگے، سلمان عبداللہ مراد