ملک میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران سالانہ 7فیصد اضافہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 7 فیصد بڑھی ہے۔ جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں سرمایہ کاری کا حجم 525 ملین ڈالر تھا۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پاکستان میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 490 ملین ڈالر تھا جس میں رواں سال کے دوران 7 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ براہِ راست سرمایہ کاری دوست ممالک کی جانب سے ہوئی۔
سینیٹ کے اجلاس میں 5ہزار کا نوٹ ختم کرنے کی تحریک
پہلے چار ماہ میں چین، نیدر لینڈز، برطانیہ اور امریکا سمیت دیگر دوست ممالک نے سب سے زیادہ سرمایہ کاری کی۔ چین نے پاکستان میں 158 ملین ڈالر، برطانیہ نے 64 ملین ڈالر جبکہ نیدر لینڈز نے 56ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کی۔
امریکا نے پاکستان میں 35ملین ڈالرز کی براہِ راست سرمایہ کاری کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت میں براہِ راست سرمایہ کاری کے حجم میں مجموعی طور پر 35ملین ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے جس سے معاشی استحکام میں مدد ملے گی۔