اسلام آباد : وزیراعظم یوتھ پروگرام کے سربراہ رانا مشہود نے بے روزگار نوجوانوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیجٹل یوتھ حب کے ذریعے قابلیت اور تعلیم کے حساب سے نوکریاں ملیں گی۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے کہا کہ ڈیجیٹل یوتھ حب ملک کا ایک گیم چینجر پروگرام ہے۔ وزیراعظم نے اس پروگرام کا افتتاح کیا تھا جس کا مقصد ملازمت کے مواقع پیدا کرنا ہے۔
بیان میں چیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہود نے کہا کہ دنیا کی تمام کمپنیاں اس پلیٹ فارم پرہمارے ساتھ ہیں، آج ڈیجیٹل یوتھ حب پورٹل پر ڈیڑھ لاکھ سے زائد نوکریاں موجود ہیں۔وزیراعظم کا ویژن پاکستان اور بیرونِ ملک 26 لاکھ سے زائد نوکریاں جنریٹ کرنا ہے۔
رانا مشہود نے کہا کہ اگلے سال نوکریوں کی تعداد32 سے35 لاکھ تک لے جائیں گے۔ یہ پاکستان کا پہلا ڈیجٹل یوتھ حب ہے، نوجوانوں سے گزارش ہے ڈیجٹل یوتھ حب پر رجسٹرڈہوں، رجسٹرڈ ہوں گے تو قابلیت اور تعلیم کے حساب سے جاب دی جائے گی۔
خیال رہے کہ ڈیجیٹل یوتھ حب پر رجسٹریشن کے بعد تعلیم اور قابلیت کے تحت نوکریاں دی جاتی ہیں۔ یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں نوجوان ڈیجیٹل مہارتیں سیکھ کر جدید ٹیکنالوجیز کے بارے میں آگہی حاصل کرسکتے ہیں جس میں ٹریننگ سیشنز کے ذریعے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارا جاتا ہے۔’