آن لائن ڈیجیٹل پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے پہلی پاکستانی ویب سیریز کی منظوری دے دی۔
صحافی حسن کاظمی کے مطابق نیٹ فلکس کی پہلی پاکستانی ویب سیریز میں مشہور پاکستانی اداکار فواد خان جلوہ گر ہونگے، سیریز کیلئے نیٹ فلکس کی جانب سے بجٹ بھی دیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ویب سیریز کی کہانی فرحت اشتیاق کے ناول ‘جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو’ پر مبنی ہے، جس میں فواد خان کے علاوہ حمزہ علی عباسی، ماہرہ خان اور ہانیہ عمر مرکزی کردار ادا کرینگے۔
تاہم، یہاں پر واضح کردیں کہ ابھی تک اس خبر کی نہ تو کسی فریق نے تصدیق کی ہے اور نہ ہی تردید لیکن گزشتہ ہفتے کچھ اس قسم کی خبریں سامنے آئیں تھیں کہ یہ چاروں اداکارجلد ہم ٹی وی کے ڈرامہ سیریل میں ساتھ نظر آئینگے جس کی کہانی ناول پر مبنی ہوگی۔
فواد خان اور ماہرہ خان کو حمزہ علی عباسی کے ساتھ آخری بار فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں دیکھا گیا تھا۔ دوسری جانب ہانیہ عامر اس وقت ’مجھے پیار ہوا تھا‘ میں اداکاری کررہی ہیں۔