صومالیہ میں حالیہ دنوں میں آنے والے بدترین سیلاب سے تقریباً 100 افراد لقمہ اجل بن گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق خشک سالی کے بعد اب ایک اور قدرتی آفت نے افریقا کے مختلف علاقوں کو گھیر لیا ہے جہاں صومالیہ میں ان دنوں بدترین سیلاب آئے ہوئے ہیں جنہوں نے نظام زندگی کو بری طرح تباہ کردیا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے 2 ملین لوگ متاثر ہوئے ہیں اور سیلاب سے تقریباً 100 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، آئندہ سال کے اپریل تک صومالیہ میں ایسی ہی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حکومت نے رواں ماہ کے آغاز میں ہی صومالیہ میں ریاستی ایمرجنسی نافذ کردی تھی اور بتایا جارہا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے 7 لاکھ لوگ بے گھر ہوگئے جب کہ بڑے پیمانے پر زرعی زمین تباہ ہوگئی اور سیلاب میں پل بھی بہہ گئے۔