اسلام آباد: پاکستانی طلبہ پر تشدد کا معاملہ سامنے آنے کے بعد نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر آج اتوار کے روز بشکیک روانہ ہوں گے ۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی (اے پی پی) کا کہنا ہے کہ ہفتے کی شب وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ نے بیان جاری کیا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار وزیر کشمیری امور امیر مقام کے ہمراہ کرغزستان روانہ ہورہے ہیں۔
دونوں وزراء آج اتوار کے روز خصوصی طیارے کے ذریعے بشکیک روانہ ہوں گے۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک کی اعلییٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، زخمی طلبہ کو علاج معالجے کی سہولیات یقینی بنائی جائیں گی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار وطن واپس آنے کے خواہش مند پاکستانی طلبہ کے معاملات اور دستیاب سہولیات کا بھی جائزہ لیں گے۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے بھی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق بشکیک میں پاکستانی سفیر بھی وزیراعظم شہباز شریف سے مسلسل رابطے میں رہے اور صورتحال تسلی بخش ہونے کے باوجود پاکستانی طلبہ کو درکار ضروری تعاون اور سہولیات کیلئے وفد بھیجنے کا فیصلہ کیاگیا۔