اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعرات کو کہا کہ عمران خان کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس کے فیصلے میں 8 سال کی تاخیر اس بات کا ثبوت ہے کہ ”لاڈلے” کو کیسے تحفظ دیا جا رہا تھا۔
وزیر اعظم نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو تنخواہ نہ لینے پر نااہل قرار دیا گیا جب کہ پی ٹی آئی رہنما کے ساتھ اس کے برعکس سلوک کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آٹھ سال گزرنے کے باوجود غیر ملکی فنڈنگ کیس کا فیصلہ ابھی تک نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں نو رٹ پٹیشنز دائر کیں اور پچاس التوا بھی ہوئے۔
وزیر اعظم کے ٹویٹ میں ایک ہیش ٹیگ #فارن_فنڈنگ_پر_سزا_دو بھی تھا،جس میں غیر ملکی فنڈنگ کیس میں سزا کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
19 جولائی کو اسی طرح کی ایک ٹویٹ میں، وزیر اعظم نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے پی ٹی آئی کے غیر ملکی فنڈنگ کیس پر ”طویل تاخیر سے” فیصلے کا اعلان کرنے کو کہا تھا۔
مزید پڑھیں:امیرالبحر کی زیر صدارت نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کا انعقاد