کراچی: ڈیفنس پولیس نے رات گئے کارروائی کرتے ہوئے بنگلوں میں ڈکیتیاں کرنے والے 3ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ڈیفنس فیز ٹو سن سیٹ اسٹریٹ پر بنگلے میں ڈکیتی کی واردات پولیس نے ناکام بنادی،تین ڈکیت اسلحہ کے زور پر فیملی کو یرغمال بناکر لوٹ مار کررہے تھے۔
پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تین ڈکیت ملزمان محمد اسماعیل، صفدر علی گل حسن کو گرفتار کرلیا ہے، تینوں ملزمان کو ضابطہ کارروائی کے لئے تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔
ملزمان کے قبضے سے بنگلے سے لوٹا ہوا سامان جس میں نقد رقم ایک لاکھ ستر ہزار روپے،طلائی زیورات،موبائل فونز اور قیمتی گھڑیاں اور تین ٹی ٹی پستول برآمد بھی بر آمد کئے گئے ہیں۔
ایس ایچ او ڈیفنس نے تینوں ملزمان کے خلاف ایف آئی آر نمبر 777/2020 بجرم دفعہ 397/34 پاکستان پینل کوڈ اور ایف آئی آر نمبر 778/2020 اور 779/2020 اور 780/2020 بجرم دفعہ 23(1)A سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔
پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو برآمد شدہ مال کے ساتھ مزید تفتیش کیلئے تفتیشی حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔ملزمان سے مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔