وزیراعظم پاکستان نے 2028 تک معدنی ذخائر سے مالامال ریکوڈک کے علاقے کو ریلوے لائن نیٹ ورک سے منسلک کرنے کی ہدایت جاری کردی۔
اسلام آباد میں پاکستان ریلویز کی اپ گریڈیشن اور اس کی ریکوڈک تک توسیع سے متعلق منگل کو ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کے دوران انہوں نے ریلوے کی اپ گریڈیشن اور ترقی کے لیے فائنانسنگ کے حوالے سے بین الوزارتی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی پاکستان ریلویز کی ترقی اور اس کی ریکو ڈک تک توسیع کے لیے درکار فائنانسنگ کے حوالے سے ٹھوس تجاویز پیش کرے گی۔
اجلاس میں مستقبل کی کارگو اور نقل و حمل کی ضروریات کے پیش نظر پاکستان ریلویز کی ترقی بشمول ایم ایل۔ ون اور ایم ایل۔3 کی اپ گریڈیشن بارے بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ریلویز ملکی معیشت اور مواصلات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، ریلویز نقل و حمل کا ایک سستا،تیز اور ماحول دوست ذریعہ ہے،ریکوڈک کو ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کرنے سے بلوچستان کے مائنز اینڈ منرلز شعبے کی ترقی ہو گی اور علاقے کے عوام کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر بحری امور جنید انور چوہدری، وزیر ریلویز حنیف عباسی، وزیر مملکت برائے ریلویز بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق فاطمی اور اعلیٰ سرکاری حکام شریک تھے۔