اسلام آباد: کورونا کی بگڑی ہوئی صورتحال پر این سی او سی کا اجلاس، ملک بھر میں تمام کاروباری مراکز رات 8 بجے بند کرنے فیصلہ جبکہ ہفتے میں 2 دن تمام کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گیں۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینیٹر ( این سی او سی ) کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کورونا کی بگڑی ہوئی صورتحال پر تشویش کااظہار کیاگیا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق این سی او سی نے ملک بھر میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
این سی او سی میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھرمیں ہفتے میں دو دن کاروباری سرگرمیاں بند رہیں گی، ریسٹورنٹ اور ہوٹلز میں ہر قسم کی اِن ڈور ڈائننگ پر پابندی ہو گی۔
اعلامیے کے مطابق رات دس بجے تک صرف آؤٹ ڈور ڈائننگ اور ٹیک اوے کی اجازت ہوگی، ایس او پیز کے ساتھ 300 افراد تک کے اجتماعات کی اجازت ہوگی۔
این سی او سی کے مطابق بند مقامات پر ہونے والے تمام ثقافتی، موسیقی اور مذہبی اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ،جبکہ ملک بھر میں سینما اور مزارات مکمل بند رہیں گے۔
اعلامیے کے مطابق شادی کی آؤٹ ڈور تقریبات 2 گھنٹےکے لیے ہوں گی، کسی ان ڈور تقریب کی اجازت نہیں ہوگی۔
این سی او سی اجلاس کے فیصلے کے مطابق تمام سرکاری، نجی دفاتر، عدالتوں میں 50 فیصد گھر سےکام کرنے کی پالیسی اختیار ہوگی۔