کراچی: درخشاں تھانے میں درج کرایا گیا 190 تولہ سونا کی ڈکیتی کا مقدمہ جھوٹا نکل آیا ۔ ڈیفنس فیز 6 خیابان حافظ کے رہائشی اصغر نے 20 مارچ کو گھر کے باہر ڈکیت کا مقدمہ درج کرایا تھا۔
پولیس کے مطابق مدعی مقدمہ اصغر نے ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کے گھر پر شادی کی تقریب چل رہی تھی۔ اصغر اور اس بیوی بینک میں رکھے زیورات نکلوا کر لارہے تھے کہ گھر کے باہر دو موٹر سائیکل سواروں نے زیورات اور نقدی لوٹ لی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ مدعی کی جانب سے فراہم کردہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں واردات ہوتے دکھائی دے رہی تھی۔ تاہم ایف آئی آر نمبر 21/234 کی سائنسی بنیادوں پر تفتیش کی گئی تو شکوک و شبہات سامنے آنے لگے۔ واردات کے وقت علاقے کی جیو فینسنگ اور موبائل فون کے ٹیکنیکل ڈیٹا نے بھانڈا پھوڑ دیا۔
تھانہ درخشاں پولیس کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ قبل والدین نے اصغر خالق کو اپنے زیورات بینک لاکرز میں رکھنے کے لیے دیے تھے۔ اصغر اور اس کی بیوی نے مختلف اوقات میں تھوڑا تھوڑا کرکے سونا بیچ دیا تھا تاہم شادی کے موقع پر والدین نے بینک سے سونا لانے کا تقاضہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : حضرت لعل شہباز قلندر ؒکے مزار کا دروازہ توڑنے پر نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج