بیروت:لبنان میں کورونا وائرس کی بدترین صورتحال کے باعث فوج نے ایمرجنسی نافذ کرکے ملک کا کنٹرول سنبھال لیا اور ملک بھر میں 10 روزہ کرفیو اور سخت لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ لبنان میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے فوج نے ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کرکے کنٹرول سنبھال لیا ہے اور 14 جنوری صبح 6 بجے سے 25 جنوری تک مکمل کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔
لبنان کی مسلح افواج کی اعلیٰ کونسل کی جانب سے جاری اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں ایمرجنسی کے نفاذ، لاک ڈاؤن اور کرفیو سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ تمام اسپتالوں کو کورونا کے مریضوں کا علاج کرنا لازمی ہوگا اور جو ایسا نہیں کریں گے اْن کے خلاف کارروائی ہوگی۔
اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا کہ ملک بھر کے ہوائی اڈوں میں پروازوں کی شرح کم کر کے 20 فیصد کردی جائے گی، بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو 7 دن ہوٹل میں خود کو قرنطینہ کرنا ہوگا۔
عوامی مقامات بند، تقریبات اور تجارتی سرگرمیاں معطل ہوں گی۔لبنانی فوج کے اعلامیے میں کہا گیا کہ کرفیو سے مستثنیٰ صرف وہ افراد اور ادارے ہوں گے جنہوں نے متعلقہ سرکاری اداروں سے خصوصی اجازت نامہ حاصل کیا ہوگا۔