کوئٹہ: کسٹم انٹیلیجنس کی جانب سے چینی اسمگلنگ کے خلاف سرحدی علاقوں میں کریک ڈاؤن کیا گیا، گزشتہ روز نوشکی میں فلور مل پر چھاپہ ماراگیا، اس موقع پر 10000 (دس ہزار)بوری چینی اور 12 سو بوری یوریا برآمد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق برآمد کی گئی سامان کی قیمت 6 کروڑ روپے بنتی ہے۔چھاپہ لوکل انتظامیہ پولیس اور ایف سی کے تعاون سے مارا گیا۔
اطلاعات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان میں چینی کی اسمگلنگ کو روکنے کیلئے سخت ترین اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ڈائریکٹر جنرل کسٹمز انٹیلی جنس فیض احمد چدھڑ کو واضح ہدایات دی۔ جس پر ڈائریکٹر کسٹمز انٹیلی جنس کوئٹہ چوہدری محمد جاوید نے صوبے کے محل وقوع کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک ٹیم جن میں ڈپٹی ڈائریکٹر کسٹمز انٹیلیجنس فہد بشیر، اسسٹنٹ ڈایریکٹر، اور انسپکٹر حمید حبیب و دیگر اسٹاف شامل ہیں کو چینی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے لئے متحرک کیا۔
انہوں نے گذشتہ روز نوشکی کے مقام پر واقع ایک فلور مل پر دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے چھاپہ مار کر ریکارڈ تعداد میں چینی اور یوریا برآمد کیا۔
مزید پڑھیں:گھر سے 18سالہ لڑکی کی پھندا لگی لاش برآمد
گودام کو سیل کر کے لوکل انتظامیہ، پولیس اور ایف سی کے حوالے کیا گیا تاکہ اسی دوران کسٹمز انٹیلی جنس حکام متبادل انتظامات کر کے اسے اپنے تحویل میں لے سکے۔