لاہور: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب کے شہر خانیوال میں کارروائی کے دوران کالعدم داعش کے دو مبینہ ارکان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق خانیوال سے کالعدم داعش کے دو ارکان کو حراست میں لیا گیا، گرفتار ملزمان کی شناخت عمران حیدر اور ریاض احمد کے نام سے ہوئی ہے۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان نے بتایا کہ سی ٹی ڈی ٹیم نے ملزمان کے قبضے سے دستی بم، اسلحہ اور ممنوعہ لٹریچر بھی برآمد کر لیاہے۔دہشت گرد اہم تنصیبات اور عبادت گاہوں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
اس سے قبل 14 جنوری کو سی ٹی ڈی اور انٹیلی جنس حکام نے سندھ پولیس کی ریڈ بک میں نامزد انتہائی مطلوب دہشت گرد کاشف علی عرف شاہین کو گرفتار کیا تھا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مشتبہ دہشت گرد کو کراچی کے علاقے لائنز ایریا سے گرفتار کیا گیا جہاں وہ ایک گھر میں چھپا ہوا تھا۔
مزید پڑھیں:بلوچستان میں دہشتگردوں کے حملوں کے بعد ملک بھر میں ہائی الرٹ جاری