اسلام آباد : پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اعلان کیا ہے کہ ادارہ پب جی نامی گیم پر پابندی برقرار رکھے گا جس پر آن لائن کھیل سے محروم ہونے والے شائقین شدید تنقید کر رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے کہا کہ پی ٹی اے نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم بیٹل گراؤنڈ (پب جی) گیم پر پابندی برقرار رکھیں گے، جبکہ یہ فیصلہ ہائی کورٹ کی ہدایت پر سماعت کے بعد کیا گیا۔
ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا کہ ادارے میں 9 جولائی کے روز لاہور ہائی کورٹ کی ہدایات کے مطابق پب جی گیم کے معاملے پر تفصیلی سماعت ہوئی جس کے بعد پب جی گیم کے خلاف عوامی شکایات کو درست قرار دیتے ہوئے پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ ہوا۔
Press Release: PTA has decided that online game Players' Unknown Battle Ground (PUBG) remains blocked. The decision has been made by the Authority after a detailed hearing conducted in PTA on July 9 on the directions of the Lahore High Court.
— PTA (@PTAofficialpk) July 23, 2020
دوسری جانب سوشل میڈیا بالخصوص سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پب جی کے کھیل سے محروم ہونے والے شائقین نے پابندی برقرار رکھنے کے فیصلے پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی اے، تحریکِ انصاف اور وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ وزیرِ اعظم عمران خان کو بھی آڑے ہاتھوں لے لیا۔
بعض سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ آئی ٹی منسٹر کو اپنے عہدے سے مستعفی ہوجانا چاہئے جبکہ بعض کی رائے میں وزیرِ اعظم عمران خان نے پب جی پر عائد پابندی کے حوالے سے اب تک ایک بھی پیغام جاری نہیں کیا، وفاقی حکومت کو پب جی پر عائد پابندی جلدسے جلد ختم کرنا ہوگی۔
دوسری جانب بعض تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پب جی پر عائد پابندی کے خلاف مہم ایک سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہے۔ بعض عناصر ہماری نوجوان نسل کو پب جی جیسی گیم پر لگا کر اسے زندگی کے بنیادی مقاصد سے الگ کرنا اور ورچؤل دنیا کا حصہ بنانا چاہتے ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پب جی پر پابندی عائد نہیں کرنی چاہئے۔ فواد چوہدری