آسٹریلیا نے 19 نومبر کو بھارت کو بھارتی شہر احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں ہرا کر عالمی اعزاز اپنے نام کیا، لیکن 21 نومبر تک کچھ پاکستانیوں نے اس اعزاز کو اپنے اعزاز میں بدل دیا۔
آسٹریلیا کی جیت کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر 21 نومبر سے ایک خط وائرل ہونا شروع ہوا۔ یہ خط مبینہ طور پر آسٹریلوی کرکٹ بورڈ ”کرکٹ آسٹریلیا“ کے چئیرمین مائیک بئیرڈ اور سی ای اور نک ہیلی کی جانب سے پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان کو لکھا گیا ہے۔
خط کے متن میں عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’آپ کے ہنر سے ہم نے بہت کچھ سیکھا ہے اور یہ ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے‘۔
خط میں مزید لکھا گیا کہ ’ہم اس ٹرافی کو آپ کے نام کرتے ہیں اور بطور چیف گیسٹ آسٹریلیا آنے کی دعوت دیتے ہیں تاکہ آپ کو میڈل آف دی آرڈر آف آسٹریلیا (آسٹریلیا کا سب سے بڑا سول اعزاز) پیش کیا جاسکے‘۔
اس خط کو شئیر کرنے والے تقریباً تمام ہی اکاؤنٹس کا تعلق ایک مخصوص سیاسی جماعت سے ہے۔ ان میں اس مخصوص جماعت سے وابستہ مبینہ صحافی بھی شامل ہیں۔
تاہم تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ خط جعلی ہے، کیونکہ جب اس خط کی حقیقت جاننے کیلئے کرکٹ آسٹریلیا کے سوشل میڈیا پیجز اور ویب سائٹ کو دیکھا گیا تو وہاں اس قسم کا کوئی خط موجود نہیں تھا اور نہ ہی آسٹریلوی ہائی کمیشن کی جانب سے اس قسم کے خط کی کوئی تصدیق کی گئی ہے۔ یہاں تک کہ آسٹریلیا کے کسی کرکٹ یا گورنمنٹ آفیشل نے بھی ایسا کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔