لندن: سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ گائے کے دودھ میں پائی جانے والی پروٹین زخم تیزی سے بھر دیتی ہے۔انسانی جسم میں زخم ہوجائے تو یہ پروٹین انہیں تیزی سے بھرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی کالج لندن کے محققین نے اپنی ایک سال قبل کی تحقیق میں یہ انکشاف کیا کہ گائے کے دودھ میں پائے جانے والے کیسین کے ساتھ شامل ایک جزو زخم بھرنے میں نمایاں طور پر بہتری لاتا ہے جبکہ اس کا تجربہ چوہوں پر کیا جاچکا ہے۔
بین الاقوامی جریدے انٹرفیس میں شائع کی گئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ یہ جانوروں کے ماڈل پر گائے کے دودھ کے جزو کیسین کے شفا بخش فوائد کا جائزہ لینے کا پہلا تجربہ ہے جبکہ کیسین سے مراد وہ پروٹین ہے جو زخم بھرنے میں معاون و مددگار ثابت ہوتی ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ گائے کے دودھ کا یہ پروٹین کیسین شفا بخش اور جراثیم کش خصوصیات رکھتا ہے اور دودھ میں دیگر اجزاء سے زیادہ پایا جاتا ہے۔ تحقیق کیلئے خالص کیسین کو پولی کیپرولیکٹون کے ساتھ ملاکر بائیو ڈی گریڈیبل پولیسٹر کے طور پر استعمال کیا گیا۔
چوہوں کے 3 میں سے ایک گروہ کا علاج کیسین سے لگائی گئی پٹیوں سے، دوسرے گروہ کا عام بینڈیج کے ساتھ جبکہ تیسرے گروہ کا علاج پٹیوں کے بغیر کیا گیا جبکہ 14روز کے بعد کیسین کی پٹیوں سے علاج کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوئے جبکہ پٹیوں میں کسی قسم کے زہریلے اجزا موجود نہیں تھے۔