اسلام آباد: سندھ حکومت کے فیصلے کے تحت صوبے بھر میں 50 سال سے زائد عمر کے قیدیوں کو کل 7 اپریل سے کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔
محکمۂ صحت سندھ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ قیدیوں کو کورونا ویکسین لگانے کی مہم شروع کی جائے گی تاکہ معاشرے میں نظر انداز کیے گئے طبقے کو بھی قومی دھارے میں لایا جائے۔
بیان کے مطابق سندھ بھر میں 50 سال سے زائد العمر 2 ہزار 532 قیدیوں کو کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔ ویکسین لگانے کا عمل کل 7 اپریل سے شروع ہوگا جس کے دوران ایس او پیز کی پابندی کی جائے گی۔
قبل ازیں 30 مارچ کے روز وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے اعلان کیا تھا کہ 50 سال سے زائد العمر قیدیوں کی رجسٹریشن جلد شروع کردی جائے گی تاکہ انہیں ویکسین لگائی جاسکے۔
تاہم، وزیرِ صحت سندھ نے فیصلہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیشِ نظر ویکسین لگانے کا عمل جلد از جلد شروع کیا جائے۔ قیدیوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، اس لیے ویکسینیشن کل سے بلاتاخیر شروع کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کے 3 ہزار 953 نئے کیسز رپورٹ، 103 مزید شہری جاں بحق