کراچی: وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے سندھ میں پاکستان کے سب سے بڑے کورونا ویکسینیشن سینٹر کا افتتاح کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایکسپو سینٹر کراچی میں قائم ویکسینیشن سینٹر کے افتتاح کے موقعے پر این سی او سی حکام بھی موجود تھے۔ ویکسینیشن سینٹر میں یومیہ 25 سے 30 ہزار افراد کو کورونا ویکسین لگائی جاسکے گی۔
اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ کورونا ویکسین کی دستیابی ممکن بنانے کے ساتھ ساتھ سندھ حکومت ویکسینیشن سینٹرز کی تعداد میں بھی اضافہ کرنے میں مصروف ہے۔
وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ 16 مئی سے تمام افراد کیلئے ویکسین لگانے کا عمل شروع کردیا جائے گا۔ اب 40 سال سے کم عمر کے افراد بھی کورونا ویکسین لگوا سکیں گے۔ ہر طرح کی ویکسین لگائی جائے گی۔
صوبائی وزیرِ صحت نے کہا کہ سندھ میں کوویکس، ایسٹرا زینیکا، سائنو فارم اور کین ویکسین سمیت تمام ویکسینز لگائی جائیں گی جبکہ ویکسینیشن سینٹر کے قیام کو سندھ حکومت کے بڑے اقدامات میں سے ایک قرار دیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چین سے کورونا ویکسین کی ایک اور کھیپ پاکستان پہنچ گئی