اسلام آباد: پاکستان میں کورونا سے 10 لاکھ 20 ہزار 324 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ وائرس کے باعث 23 ہزار 209 شہری جاں بحق ہوگئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 4 ہزار 497 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ وائرس کے باعث 76 مزید شہری انتقال کر گئے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کی صورتحال انتہائی خطرناک، شہری احتیاط کریں،ناصر شاہ
کورونا کی تشخیص کیلئے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 59 ہزار 707 ٹیسٹ کیے گئے جس سے مجموعی ٹیسٹس کی تعداد 1 کروڑ 58 لاکھ 78 ہزار471 ہوگئی۔ملک بھر میں کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے کی شرح 7 اعشاریہ 53 فیصد رہی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کے 1 ہزار 612 مریضوں نے کورونا کو شکست دے دی جس سے ملک بھر میں صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 37 ہزار 354 جبکہ فعال کیسز کی تعداد 59 ہزار 761 ہو گئی۔
صوبہ پنجاب میں کورونا سے 3 لاکھ 54 ہزار 904 افراد متاثر جبکہ 10 ہزار 995 جاں بحق ہوئے، سندھ میں کیسز 3 لاکھ 74 ہزار 434 جبکہ وائرس کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہزار 903 رپورٹ ہوئی۔
خیبر پختونخوا میں 1 لاکھ 42 ہزار 799 افراد کورونا سے متاثر جبکہ 4ہزار 435 انتقال کر گئے۔ بلوچستان میں 30 ہزار 19 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 326 کورونا کے باعث انتقال کر گئے۔
آزاد جموں و کشمیر میں کورونا کے 23 ہزار 631 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ وائرس کے باعث 620 شہری جاں بحق ہوگئے۔ اسلام آباد میں وائرس کے 86ہزار 602 کیسز اور 797 اموات رپورٹ ہوئیں۔
گلگت بلتستان میں کورونا کے 7 ہزار 935 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ وائرس کے باعث انتقال کر جانے والے شہریوں کی تعداد 133 ہوگئی۔ ملک بھر میں کورونا کے باعث شرحِ اموات 2.3فیصد رہی۔
قبل ازیں سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر شہر قائد میں مکمل لاک ڈاؤن پر غور شروع کردیا، طبی ماہرین کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ محکمہ صحت سندھ نے15دن کے فوری لاک ڈاؤن کی سفارش کی۔
گزشتہ روز شہر قائد میں کورونا کی چوتھی لہر خطرناک صورتحال اختیار کرگئی اور کورونا کی مثبت شرح 30فیصد سے زائد ہوگئی۔اسپتالوں میں مریضوں کے رش میں اضافہ ہوا اور مزید مریضوں کی گنجائش آہستہ آہستہ ختم ہونے لگی۔
مزید پڑھیں: کورونا کی روک تھام، سندھ حکومت کا کراچی میں مکمل لاک ڈاؤن پر غور