کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی، اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی، اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش
کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی، اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ شہرِ قائد کا درجۂ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی آج بارش ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے بیشتر علاقوں میں بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ صبح سویرے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: بارش کے دوران غفلت برتنے پر سخت کارروائی ہوگی، بابر اعوان

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم از کم درجۂ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو آج 30 سے 32 سینٹی گریڈ تک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بھی داتا کی نگری میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

آسمان پر بادل چھائے ہوئے ہیں، لاہور کا موسم خوشگوار ہے جس سے زندہ دلانِ لاہور بھرپور لطف اٹھا رہے ہیں۔ اسلام آباد کا سیلابی صورتحال کے بعد بھی بادلوں نے پیچھا نہ چھوڑا۔

وفاقی دارالحکومت میں آج بھی بادلوں کے ڈیرے ہیں۔ محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ اسلام آباد میں تیز ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک کے ساتھ بادل بھی برسیں گے۔

پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ ژوب، موسیٰ خیل اور بارکھان میں بھی بارش ہوگی۔

خیال رہے کہ اِس سے قبل جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں موسلادھار بارش سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی جس کے دوران مصیبت میں پھنسے شہریوں کی امداد کیلئے پاک فوج نے کام شروع کردیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے گزشتہ روز بیان جاری کیا کہ راولپنڈی میں موسلادھار بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہوچکی ہے۔ اسلام آباد کا سیکٹر ای 11 بھی زیرِ آب آگیا۔

مزید پڑھیں: بارش سے سیلابی صورتحال، پاک فوج شہریوں کی امداد میں مصروف

Related Posts