اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیویارک پراپرٹی کیس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کی عبوری ضمانت منظور کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیو یارک اپارٹمنٹ انکوائری میں پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی درخواستِ ضمانت کی سماعت آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں کی گئی۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل 2 رکنی ڈویژنل بینچ نے آصف زرداری کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔ سابق صدر آصف زرداری ایمبولینس میں عدالت پہنچے۔
بیماری کے باعث سابق صدر آصف زرداری ایمبولینس میں عدالت پہنچے اور اپنی حاضری لگوائی۔ وکلاء نے نیو یارک پراپرٹی کیس میں عبوری ضمانت کی درخواست جمع کرادی۔
معزز ہائیکورٹ نے آصف زرداری کی عبوری ضمانت کیلئے دی گئی درخواست 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض منظور کی۔ ضمانت قبل از گرفتاری 28 جولائی تک منظور کر لی گئی۔
نیو یارک پراپرٹی کیس قومی احتساب بیورو (نیب) کی طرف سے قائم کیا گیا ہے۔ عدالت نے آصف زرداری کی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے نیب کو بھی جواب طلبی کا نوٹس بھیج دیا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے خلاف نیا کیس کھولتے ہوئے ان سے جواب طلب کر لیا۔
قومی احتساب بیورو(نیب) نے سابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو نوٹس ارسال کردیا جس میں ان سے نیو یارک میں جائیداد پر جواب طلبی کی گئی۔
نیب کی جانب سے2 روز قبل ارسال کیے گئے نوٹس میں مختلف سوالات کیے گئے۔ پوچھا گیا کہ مین ہٹن نیو یارک میں آپ کا اپارٹمنٹ پاکستان میں بطور جائیداد کیوں ظاہر نہیں کیا گیا؟
مزید پڑھیں: نیب نے سابق صدر کے خلاف نیا کیس کھول دیا، آصف زرداری سے جواب طلب