اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس سے 45 ہزار 898افراد متاثر ہوئے جبکہ وائرس کے باعث جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 985ہو گئی ہے۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کے 1 ہزار 932نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 45ہزار898ہو گئی۔
کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے اب تک4 لاکھ14 ہزار 254 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیے جانے والے ٹیسٹس کی تعداد13ہزار962ہے۔
ہر گزرتے روز کے ساتھ پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ نئے کیسز کی تصدیق ہو رہی ہے جبکہ وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے16ہزار685، سندھ میں 17ہزار 947، خیبرپختونخواہ میں 6 ہزار 554، بلوچستان میں2 ہزار885، آزاد کشمیر میں 133، گلگت بلتستان میں556جبکہ اسلام آباد میں 1 ہزار 138 کیسز کی تصدیق ہوئی۔
پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے مجموعی طور پر31ہزار 812فعال کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ13ہزار 101افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔
وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات خیبر پختونخواہ اور سندھ میں ہوئیں۔ کے پی کے میں 345افراد کورونا وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ سندھ میں299 افراد جاں بحق ہوئے۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے باعث289، گلگت بلتستان میں 4، اسلام آباد میں9 جبکہ بلوچستان میں 38افراد جاں بحق ہوئے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کورونا وائرس سے دنیا بھر میں49لاکھ 88ہزار افراد متاثر جبکہ 3لاکھ 24ہزار سے زائد ہلاک ہو گئے۔
دنیا کے 190 سے زائد ممالک میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر49 لاکھ88 ہزار994 افراد متاثر ہوئے جبکہ متاثرہ کیسز میں سے14فیصد (3لاکھ24ہزار958) افراد ہلاک ہوئے۔
مزید پڑھیں: دُنیا بھر میں کورونا وائرس سے 3 لاکھ 24 ہزار افراد ہلاک