راولپنڈی کے آئی آئی ایم سی ٹی ریلوے جنرل ہسپتال میں کورونا وائرس کے مریضوں کا 24 گھنتے علاج معالجہ یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آئی آئی ایم سی ٹی ہسپتال میں ڈاکٹر، پیرامیڈیکل سٹاف اور معاون عملہ فراہم کردیا گیا ہے جبکہ ہسپتال میں آئیسولیشن وارڈ بھی قائم کیاگیا ہے۔
اس حوالے سے گزشتہ روز اسلامک انٹرنیشنل میڈیکل کالج ٹرسٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر انجینئر اسداللہ خان نے آئی آئی ایم سی ٹی ریلوے جنرل ہسپتال راولپنڈی کا اچانک دورہ کیا اور کورونا وائرس کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر اسد اللہ خان نے کورونا وائرس کے عدم پھیلاؤ اور تحفظ کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات، آئیسولیشن وارڈ، ہسپتال کے عملے کو اپنی حفاظت کیلئے دیئے گئے آلات اور ہسپتال کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کااظہار کیا۔
اسد اللہ خان نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہسپتال کو 24 گھنٹے کھلا رکھاجائے اور کورونا وائرس کے مریضوں کا شب و روز علاج کیاجائے۔ اس موقعے پر چیف ایم ایس بریگیڈیئر(ر)وسیم اور ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر ارباز علی بھی موجود تھے۔
ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر ارباز علی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آئی آئی ایم سی ٹی ہسپتال کے ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل سٹاف اور معاون عملے کو اپنی حفاظت کیلئے ضروری سامان فراہم کردیا گیا ہے۔
ڈاکٹر ارباز علی کے مطابق حکومت اور وزارت ریلوے کی جانب سے دی جانے والی ہدایات پر ہسپتال کی ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں سکریننگ کاؤنٹر قائم کردیا گیا ہے جو 24گھنٹے کام کررہاہے۔