ہمسایہ ملک اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا تعلق کسی خاص قوم اور خطے سے نہیں ، بلکہ یہ ایک عالمی چیلنج اور عالمی مسئلہ ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ سیّد عباس موسوی نے کہا کہ کورونا وائرس کسی خاص قوم اور علاقے سے مخصوص نہیں ہے۔
ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ یہ ایک عالمی چیلنج اور عالمی مسئلہ ہے جس کا باہمی تعاون کے ساتھ مقابلہ کیاجاسکتا ہے جبکہ آج دنیا کو جھوٹ، تشدد اور نفرت جیسے خطرناک جراثیموں کا سامنا ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی طرف سے کورونا وائرس کو وہان وائرس قرار دینے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے غیر اخلاقی بیانات کی دنیا میں کوئی حیثیت نہیں۔
دنیا کے 119 ممالک میں پھیلنے والے کورونا وائرس کے حوالے سے ترجمان وزارتِ خارجہ نے کہا کہ دنیا میں اِس وبا کا باہمی اعتماد اور اتحاد سے مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کورونا وائرس بھی امریکا اور چین کی تجارتی و سیاسی محاذ آرائی روکنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔ قدامت پسند امریکی حکام کورونا وائرس کو وہان وائرس قرار دینے لگے۔
ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں امریکی جریدے نیویارک ٹائمز نے انکشاف کیا کہ کچھ قدامت پرست جن میں مائیک پومپیو، ٹام کاٹن اور نمائندہ پاؤل گوسر شامل ہیں، کورونا وائرس کو وہان وائرس کہتے ہیں۔
مزید پڑھیں: قدامت پسند امریکی حکام کے کورونا وائرس کو وہان وائرس قرار دینے کا انکشاف