صوبائی وزیرِ صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کاروباری حضرات اور عوام الناس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ حکومتی فیصلوں میں تعاون کریں تاکہ کورونا وائرس کی روک تھام ممکن بنائی جاسکے۔
وزیرِ صنعت و تجارت اسلم اقبال نے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں بازاروں، شاپنگ مالز اور دکانوں کی مانیٹرنگ جاری رکھیں گے اور اگر ایس او پیز کی خلاف ورزی کی گئی تو اس پر سخت کارروائی بھی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔
گفتگو کے دوران صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ وائرس کی روک تھام کیلئے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پراسیجر اپنایا جائے تاکہ عوام کی زندگی کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔ احتیاطی تدابیر پر عمل عوام کے اپنے مفاد میں ہے۔ اگر آپ مثبت ردِ عمل دیں تو لاک ڈاؤن اور کاروبار کی بندش سے بچاؤ ممکن ہے۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ لوگ ایس او پیز کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، کورونا وائرس زیادہ تر غیر ذمہ دارانہ رویے کے باعث پھیل رہا ہے جبکہ احتیاطی تدابیر مشکل صورتحال سے بچا سکتی ہیں۔