ملائیشیا کے قونصل جنرل ہرمن ہردیناتا احمد نے جامعہ بنوریہ عالمیہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مہتمم جامعہ بنوریہ مولانا نعمان نعیم اور جامعہ میں زیر تعلیم ملائیشیا کے طلبہ سے ملاقات بھی کی۔
مہتمم جامعہ اور قونصل جنرل کے درمیان جامعہ کے تعلیمی نظام، ملائیشیا میں جامعہ بنوریہ کے فضلاء کی خدمات، ملائیشیا کی مختلف یونیورسٹیز سے جامعہ بنوریہ کے تعلیمی معاہدوں سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال اور تعلیمی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:
سسر نے اپنے داماد شاداب خان کو اہم مشورہ دے دیا
مولانا نعمان نعیم نے قونصل جنرل کا بنوریہ آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا کی قونصلیٹ اور آپ سے ہمارے بہترین تعلقات ہیں اور ہمیشہ سے تعاون رہتاہے، آپ کی تشریف آوری یہاں پڑھنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی اور ہمارے لیے خوشی کا باعث ہے، جامعہ بنوریہ عالمیہ اور ملائیشیا کے تعلق سے دونوں ممالک کے درمیان تعلق مزید مستحکم اور تعلیمی تعاون کو بھی فروغ ملے گا۔
قونصل جنرل ہردینا تا احمد نے جامعہ بنوریہ کے تعلیمی نظام اور ملائیشیا میں جامعہ بنوریہ کے فضلاء کی خدمات کو سراہا اور ملائیشیا کے جامعہ بنوریہ میں زیر تعلیم طلبہ کی تعلیم و تربیت پر مہتمم جامعہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ جامعہ بنوریہ عالمیہ ملائیشین طلبہ کی اولین ترجیح ہوتی ہے، ہمیں خوشی ہے کہ یہاں ہمارے طلبہ کی بہترین تربیت کے ساتھ ان کے مستقل کی بھی فکر کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی فکر کو لیکر جامعہ کی انتظامیہ نے ملائیشیا کی جامعات کے ساتھ تعلیمی تعاون کے معاہدے کیلئے اسفار بھی کیے ہیں جو خوش آئند ہیں اور آیندہ بھی قونصلیٹ کا جامعہ بنوریہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رہے گا۔
اس موقع پر نائب قونصل جنرل محترمہ عزوہ سلیلی، جامعہ بنوریہ کے شعبہ بیرون کے ڈائریکٹر مولانا فرقان صیدیقی، جامعہ کےکلیۃ الحدیث کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد سرودہ (یوگنڈا) جامعہ کے بیرون امور سے مفتی زین حسن (سری لنکا) و دیگر بھی موجود تھے۔
اختتام پر معزز مہمان کے لیے خصوصی ظہرانے کا اہتمام اور جانبین سے تحائف کا تبادلہ بھی کیا گیا۔