حیدرآباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ ملکی آئین شہریوں کو حقوق کی یکساں فراہمی کی ضمانت مہیا کرتا ہے۔ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنائیں۔
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن حیدر آباد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر طرح سے آئینِ پاکستان کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ حکومت کو آئین کے مطابق تمام شہریوں کو انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔
چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ قرآن و سنت کے بعد پاکستان میں سب سے اہم کتاب آئینِ پاکستان کی کتاب ہے جس کا تحفظ عوام اپنے ووٹ کے ذریعے منتخب نمائندگان کی ذمہ داری قرار دیتے ہیں۔
جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ عدلیہ کا کام انصاف کی فراہمی ہے جبکہ ہم ہر شخص کو آئینِ پاکستان کے مطابق انصاف فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔عوام قانون کے فوائد حاصل نہیں کر پا رہے، جس سے معاشرہ متاثر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ عدالتوں کا دروازہ انصاف کے حصول کے لیے کھٹکھٹاتے ہیں۔ عدالتوں میں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جاتا ہے جبکہ ہماری خواہش ہے لوگ انصاف حاصل کریں اور عدالتوں سے خوشی کے ساتھ جائیں۔