کراچی کے علاقے کورنگی بلال کالونی کے قریب گھر سے 13 سالہ بچی کی لاش ملنے کا معما مزید الجھ گیا، پولیس سرجن نے بچی سے زیادتی کی تصدیق کردی، تاہم والد کا خودکشی پر اصرار جاری ہے، پولیس نے تحقیقات شروع کردی۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کا کہنا ہے کہ 13 سالہ بچی کی موت گلا گھٹنے کے باعث ہوئی ہے، جبکہ پوسٹ مارٹم میں بچی کے ساتھ زیادتی کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔
مقتولہ کے والد انور برڑو کا کہنا ہے کہ بچی کی ماں گھر سے سامان لینے کے لئے نکلی تھی، دو بچے گھر میں موجود تھے جنہوں نے بتایا کہ بہن نے کمرہ بند کر کے خود کو لٹکایا۔ میری بچی نے خودکشی کی ہے، کوئی ایسی بات نہیں، پولیس اور سرجن کی باتوں پر کارروائی نہیں چاہتا۔
پوسٹ مارٹم کے بعد بچی کے ورثا لاش لے کر نوشہرو فیروز روانہ ہوگئے جہاں بچی کی تدفین کی جائے گی جبکہ بچی کےوالد کے قانونی کارروائی سے انکار اور زیادتی کی تصدیق کے بعد معاملہ مزید الجھ گیا ہے۔
دوسری جانب بلال کالونی کے علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ 13 سالہ بچی چھٹی کلاس کی طالبعلم تھی، ثنا چار بہن بھائیوں میں سب سے بڑی تھی، یہ لوگ محلے میں چھ ماہ پہلے ہی آئے ہیں۔
ایس ایس پی کورنگی حسن سردار نیازی کا کہنا ہے کہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے میں درج کرلیا ہے، بچی کے والدین پوسٹ مارٹم نہیں کروانا چاہتے تھے، پوسٹ مارٹم کی ابتدائی تفتیش میں زیادتی اور قتل کے نشانات ملے ہیں، مقدمہ درج کرنے کے بعد تحقیقات شروع کردی ہے، جلد حقیقت سامنے آجائے گی۔