کراچی: سپریم کورٹ آف پاکستان کراچی رجسٹری کے احکامات پر ایکشن لیتے ہوئے کمشنر کراچی نے کراچی جم خانہ کو نوٹس بھیج دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کراچی جم خانہ کے صدر کو غیر قانونی تعمیرات روکنے کا حکم دیتے ہوئے نوٹس جاری کردیا۔ کراچی جم خانہ کی تعمیرات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی نے صدر جم خانہ کو ہدایت کی کہ غیر قانونی تعمیرات فوری طور پر روکی جائیں۔
کمشنر کراچی کی طرف سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا کہ کراچی جم خانہ کی طرف سے کی جانے والی تعمیرات بلڈنگ رولز اور قومی ورثہ کے قوانین کے خلاف ہیں۔ اگر تعمیرات نہ روکی گئیں تو جم خانہ کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
نوٹس کے ساتھ ساتھ تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ جہاں جہاں جم خانہ کی عمارات موجود ہیں وہاں جاری غیر قانونی تعمیرات کو فوری طور پر روکا جائے جبکہ یہ اقدام سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں اٹھایا گیا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل سپریم کورٹ آف پاکستان نے شہرِ قائد سے تمام تر غیر قانونی بل بورڈز فوری طور پر ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے کراچی پولیس کو متعلقہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے 30 منٹ کی مہلت دے دی۔
عدالتِ عظمیٰ (سپریم کورٹ) کراچی رجسٹری میں اہم مقدمات کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں ججز کے 3 رکنی بینچ نے کی۔ بل بورڈز کیس کی سماعت کے دوران کمشنر کراچی افتخار شالوانی اور متعلقہ حکام سے مختلف سوالات کیے گئے۔
مزید پڑھیں: کراچی سےغیر قانونی بل بورڈز ہٹائے جائیں۔سپریم کورٹ