کراچی میں آج سے 15 روز تک مختلف دکانیں، مارکیٹس، شاپنگ مالز، کپڑے اور فرنیچر کی دکانوں سمیت تمام مارکیٹس بند رہیں گی جس کے لیے کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے۔
کمشنر کراچی افتخار شالوانی کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق کپڑے کی دکانیں، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس، الیکٹرانک مارکیٹ، آٹوپارٹس اور فرنیچر سمیت مختلف مارکیٹس 15 روز تک مکمل طور پر بند رہیں گی۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق اشیائے خوردنی مثلاً پھل، مچھلی مارکیٹ، سپر مارٹ، سبزیاں، جنرل اسٹور اور ادویات کے اسٹورز اِس پابندی سے مستثنیٰ قرار دئیے گئے ہیں تاہم پارکس، سی ویو اور چائے کے ہوٹلز بند رہیں گے۔
شہریوں کو آن لائن خریداری کی اجازت ہوگی۔ فوڈ پانڈا اور دیگرآن لائن سروسز کے ذریعے کھانا منگوانے پر کوئی پابندی نہیں، تاہم بڑے بڑے ریسٹورنٹس بند رہیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے پیش نظر تمام سرکاری دفاتر( ماسوائے لازمی سروس کے زمرے میں آنے والے صحت، اسپتال، واٹر بورڈ،بلدیات وغیرہ) جمعرات سے بند کرنے اور کل سے 15 دن کے لیے تمام شاپنگ مالز ، سی ویو ، ریسٹورنٹس اور الیکٹرونک مارکیٹ ، پبلک پارکس بند کرنے کا فیصلہ کیا۔
وزیر اعلیٰ نے یہ فیصلہ گزشتہ روز کیا۔ فیصلے کے تحت اسپتال حسب معمول کام کرتے رہیں گے جبکہ ان کی او پی ڈیز 15 دنوں کے لیے بند رہیں گی ، اس کے علاوہ انہوں نے ڈرائیونگ لائسنس برانچ کو بھی بند کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
مزید پڑھیں: سندھ میں شاپنگ مالز اور بس سروس معطل کرنے کا فیصلہ