راولپنڈٰی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے کمانڈر سری لنکن آرمی چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے ملاقات کی ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق معزز مہمانوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکورٹی کی صورتحال تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقعے پر دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دورے پر آئے ہوئے سری لنکن چیف آف ڈیفنس نے خطے میں قیام امن اور خصوصی طور پر افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی ۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان فوجی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
اس سے قبل معزز مہمانوں نے یادگار شہداء پر حاضری اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقعے پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔