محکمۂ موسمیات نے کراچی میں آئندہ چند روز میں سردی کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہرِ قائد میں 10 سے 12 کلومیٹر کی رفتار سے ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں یخ بستہ ہوائیں چلنے کے باعث سردی کی شدت میں ہونے والے اضافے میں آئندہ چند روز میں مزید شدت متوقع ہے۔ کراچی کا موجودہ درجۂ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جو دن کے وقت معمول کے مطابق ہوجاتا ہے۔
عام طور پر دن کے وقت سورج کی دھوپ کے باعث درجۂ حرارت کنٹرول میں رہتا ہے تاہم صبح اور رات کے وقت سردی کی شدت بڑھ جاتی ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق دن میں موسم خشک اور معتدل جبکہ رات کو سرد رہے گا۔
دن کے وقت محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی کا درجۂ حرارت 24 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا جبکہ ہواؤں کی رفتار 35 سے 40 کلو میٹر تک رہنے کا امکان ہے۔ آئندہ چند روز میں سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل شہر قائد میں کوئٹہ کی سرد ہوائیں چلنے لگیں،درجہ حرارت 8 سے10 ڈگری کے درمیان رہنے اوررواں ماہ سردی کا ریکارڈ ٹوٹنے کا امکان پیدا ہوگیا۔
گزشتہ روز محکمۂ موسمیات کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی شمالی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 36 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی جب کہ سردی کی موجودہ لہر کے دوران 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں جس کے باعث کراچی میں پیر کے روز پارہ مزید گرنے کے سبب سردی کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
مزید پڑھیں: سرد ہواؤں نے کراچی کارخ کرلیا ،شہر میں ریکارڈ توڑ سردی کا امکان